خلوت انس

باب 7

خدا کی طرف مکمل وابستگی

4 منٹ کا مطالعہ

دورِ جوانی؛ بہارِ عبادت

جب ہم جوان تھے، مشہد میں ایک عالمِ دین تھے جن کی میرے والد سے بہت دوستی تھی، وہ بہت بوڑھے بھی تھے – اُس وقت، مثلاً ہماری آج کی عمر کے یا اس سے بھی زیادہ – ہم جوان تھے، وہ ہم لوگوں سے محبت کرتے تھے، نصیحت کرتے تھے اور کہتے تھے کہ جوانی کی قدر کرو، کیونکہ حتیٰ کہ عبادت کرنا بھی جوانوں ہی کا کام ہے، بوڑھوں کا نہیں؛ ہمیں یہ بات عجیب لگتی تھی، بھئی عبادت تو بوڑھوں کا کام ہے، [لیکن] وہ کہتے تھے کہ عبادت بھی جوانوں کا کام ہے؛ اب یہ بات سب محسوس کرتے ہیں۔ دیکھیے! آپ کا دل جلدی نرم ہو جاتا ہے، جلدی نورانی ہو جاتا ہے، آپ کے آنسو جلدی بہنے لگتے ہیں، خدا سے آپ کا رابطہ جلدی قائم ہو جاتا ہے۔ یہ بہت غنیمت ہے۔ آج ملک کے نوجوان طبقے میں معنویات کی طرف جو رجحان پایا جاتا ہے، وہ بہت قیمتی ہے۔اس پاکیزہ اور شفاف دل کو جتنا ہو سکے، منبعِ عظمت سے، منبعِ حقیقت سے، منبعِ زیبائی سے – یعنی باری تعالیٰ کی ذاتِ مقدس سے – جوڑیے اور قریب کیجیے۔ اگر آپ کامیاب ہو گئے تو عمر کے آخر تک سعادت مندانہ زندگی گزاریں گے؛ اگر ابھی کامیاب نہ ہوئے تو بیس سال بعد اور زیادہ مشکل ہوگا؛ اگر بیس سال بعد بھی – جب آپ لوگوں کی عمر ۴۰ سال، ۴۵ سال ہوگی – کامیاب نہ ہوئے تو اس کے بیس سال بعد بہت بہت زیادہ مشکل ہوگا؛ یعنی میری موجودہ عمر سے کم عمر میں؛ بہت دشوار ہو جائے گا؛ ایسا نہیں کہ ناممکن ہو، لیکن مشکل ہے۔ ابھی دل کو خدا سے جوڑ لیجیے۔

جوانی کے ایّام میں اچھی نماز پڑھنے کی مشق کی ضرورت

جوان اگر ابھی سے اچھی نماز کے عادی ہو جائیں تو جب وہ ہماری عمر کو پہنچیں گے، اچھی نماز پڑھنا ان کے لیے پھر مشکل نہیں ہوگا۔ ہماری عمر میں جو شخص اچھی نماز کا عادی نہ ہو، اس کے لیے اچھی نماز پڑھنا ممکن تو ہے، لیکن مشکل ہے۔ جو شخص جوانی سے اچھی طرح نماز پڑھنے کا عادی ہو گیا ہو، یعنی توجہ کے ساتھ نماز – اچھی نماز کا مطلب خوش آوازی اور عمدہ قرائت والی نماز نہیں ہے؛ بلکہ مراد ہے توجہ کے ساتھ، حضورِ قلب کے ساتھ نماز؛ اس کا دل پروردگار کے حضور حاضر ہو؛ وہ دل سے اور دل کے ساتھ بات کرے – تو پھر یہ اس کی خصلت بن جاتی ہے اور پھر اس کے لیے کوئی زحمت نہیں رہتی؛ وہ عمر کے آخر تک اسی طرح اچھی نماز پڑھتا رہتا ہے۔

جوانوں کو نماز سے اُنس اور نوافل کی ادائیگی کی نصیحت

سب کو، بالخصوص جوانوں کو، میری تاکیدی نصیحت یہ ہے کہ وہ خود کو نماز سے مانوس کریں اور اس سے بہرہ مند ہوں؛ یعنی نماز کو اس کے معانی کی طرف توجہ کے ساتھ اور پروردگارِ متعال (جلّت عظمتہ) کی بارگاہ میں حاضر ہونے کے احساس کے ساتھ بجا لائیں اور مشق کے ذریعے اس کام کو اپنے لیے ہموار اور آسان بنائیں اور جہاں تک ہو سکے نوافل، خاص طور پر صبح اور مغرب کی نمازوں کی نافلہ بھی ادا کریں۔

ذکرِ الٰہی اور خدا سے اُنس کی لذت؛ تمام لذتوں سے بالاتر

ملک کے نوجوان طبقے میں دوسروں سے زیادہ نماز کو اہمیت دینی چاہیے۔ جوان کا دل نماز سے روشن ہو جاتا ہے، اس میں امید پیدا ہوتی ہے، روحانی شادابی پیدا ہوتی ہے، بہجت پیدا ہوتی ہے۔ یہ کیفیات زیادہ تر جوانوں ہی کا حصہ ہیں، زیادہ تر جوانی کے موسم ہی کا حصہ ہیں؛ وہ لذت اٹھا سکتا ہے۔

وہ جوان جس نے شفاف دل اور آمادہ روح رکھنے کے باوجود ذکرِ خدا کی لذت بالکل نہیں چکھی، جسے نماز سے کوئی لذت نہیں ملتی، جس نے دعا، ذکر، تضرع، گریہ اور پروردگارِ عالم سے اُنس سے، اور عالمِ وجود کی حسین ترین حقیقت سے، جو باری تعالیٰ کا وجودِ مقدس ہے، پیوند سے کوئی بہرہ حاصل نہیں کیا، وہ بہت ناقص، محروم اور قاصر ہے... اگر کسی نے ذکرِ الٰہی اور خدا سے اُنس کی لذت چکھ لی، تو جان لیجیے کہ پھر کوئی دوسری لذت اس کے منہ کو نہیں بھاتی۔ دنیا کی یہ ساری جلد گزر جانے والی لذتیں، حتیٰ کہ اعلیٰ ترین لذتیں بھی، اسے بچگانہ لگتی ہیں۔ جو لوگ ان باتوں کے اہل ہیں، وہ سچے ہیں اور انہوں نے ہمیں یہ باتیں بتائی ہیں۔ ہر کسی کو بھی ممکن ہے آخرکار اپنی عمر کے دوران کم و بیش کوئی توفیق نصیب ہو جائے اور وہ لمحہ بھر کے لیے ذکرِ الٰہی کی لذت کو محسوس کر لے... نماز انسان کے کندھوں پر کوئی بوجھ نہیں ہے؛ بلکہ ایک لطف اور ایک دریچہ ہے۔ اگر خدا نے مجھے اور آپ کو اپنے ساتھ بات کرنے کی اجازت نہ دی ہوتی تو ہم کیا کرتے؟ اگر انسان کو دعا اور مناجات کے لیے زبان کھولنے کی اجازت نہ ہوتی تو وہ کیا کرتا؟ وہ اپنی پیاسی اور بھوکی روح کو کیسے سیر کر سکتا؟ خدا سے اُنس کے سوا کون سی چیز انسان کی اس پیاسی روح کو سیراب کر سکتی ہے؟